یومِ پاکستان پرایروبیٹکس کا مظاہرہ کرنے چینی جہاز پاکستان پہنچ گئے، جے10 طیارے یومِ پاکستان کی پریڈ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے

 
0
974

اسلام آباد مارچ 19 (ٹی این ایس): ہوژیونگ نے چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چینی جے10طیارے پاکستان کے خاص دن کے موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ہوژیونگ شنگھائی اکیڈمی آف سوشل سائنس سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چینی جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں اور 23مارچ کی تقریب میں ایروبیٹکس کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے بتایا کہ چین کا پاکستان میں اپنے جہاز بھیجنا پاکستان کے ساتھ گہرے دوستی کے تعلقات کا عکاس ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ چینی جہاز پہلی بار پاکستان نہیں گئے بلکہ نومبر 2018 میں بھی چینی جہازوں نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا تھا۔ پاکستان میں 23مارچ کو قراردادِپاکستان منظور ہونے کی یاد میں بہت سی تقریبات کا انتظام کیا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے مرمکزی تقریب راولپنڈی پریڈ گراؤنڈ میں ہوتی ہے جہاں تینوں افواج کے دستے اپنی اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔چینی جہازوں کے پاکستان پہنچنے پر پاکستانی بچوں نے پھولوں کے گلدستوں سے انکا استقبال کیا۔ یومِ پاکستان کی پریڈ میں پاکستان اور چین کا مل کر بنایا ہوا جہاز جےایف17تھنڈر بھی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرے گا۔ چین اور پاکستان کے تعلقات بہت پرانے ہیں اور دفاع کے حوالے سے چین پاکستان کے ساتھ بہت سے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ چین اور پاکستان نے مل کر الخالد ٹینک بنایا ہے جسے دنیا کے بہترین ٹینکس میں شمار کیا جاتا ہے۔پاکستان نے اپنے موسمیاتی اور دفاعی مصنوعی سیارے بھی چین کی مدد سے بنا کر خلاء میں بھیجے ہیں۔ پاکستان چینی ساختہ FM-90 ائیر ڈیفینس میزائل، HJ-8 ٹینک شکن میزائل اور ڈرون بھی استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان نے JF-17 کے دو بیچ بھی چین کی مدد سے بنا لیے ہیں اور اب جدید ترینJF-17 کا تیسرا بیچ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ چینی پائلٹس اسلام آباد کی فضاؤں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شائقین کا جوش گرمائیں گے۔ یاد رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد اس پریڈ کے مہمانِ خصوصی ہوں گے جو کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔