یوم پاکستان : گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی،ملکی سلامتی کیلئے دعاکی

 
0
327

کراچی مارچ 23 (ٹی این ایس): 79 ویں یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے،ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ ، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور صوبائی کابینہ کے ارکان بھی تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے یاداشت کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم 79 ویں یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 2019 مشکل ترین سال ہے کیوں کہ ہمارے پڑوسی ملک نے ہمیں للکارا ہے جسکا ہماری قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہمیں اپنے ہیروز کو یاد رکھنا چاہیے بھٹو نے اس قوم کو ایٹمی قوت سے نوازا ہے اور بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دی جنھیں آج ہمیں یاد رکھنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ شہر کی خوشیاں جن کو پسند نہیں وہ کراچی میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، جو تقریر باہر سے بیٹھ کر ہوئیں، ہمارے اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف تقریریں ہوئیں، میں سمجھتا ہوں یہ اسی کا نتیجہ ہے۔