اسلام آباد اپریل 03 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈالر 150سے بھی زیادہ مہنگا ہو جائے گا۔ رحمان ملک میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ڈالر ابھی مزید مہنگا ہو کر150روپے سے بھی اوپر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب مزدور15ہزار روپے ماہانہ کما رہا ہے، وزراء 15ہزار روپے ماہانہ میں گزارا کر کے دکھائیں۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے، روز بروز مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے جس سے عوام بھوکی مر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا ہے کہ وزراء کی تنخواہ 15ہزار کر کے انہیں کواٹر دے دیے جائیں تب ان کو سمجھ آئے گی کہ غریب کیسے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ اس سے پہلے ایشائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے دنیا میں پاکستان معیشت کے حوالے سے107ویں نمبر پر ہے اور ایشیائی ممالک میں پاکستان کی ترقی کی شرح نمو سب سے کم ہے جو کہ 2.5 فیصد ہے اور رواں سال میں اتنی ہی رہنے کا امکان ہے جبکہ اس کا ٹارگٹ 6رکھا گیا تھا۔ اب رحمان ملک نے کہا ہے کہ ابھی ڈالر150روپے سے زیادہ مہنگا ہو گا اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔