لاہورہائیکورٹ نے خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو 18اپریل کو حتمی بحث کیلئے طلب کرلیا

 
0
239

لاہور اپریل 11 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 18اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا ۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور مسٹر جسٹس وقاص رئوف مرزا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خواجہ برادران کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی ۔خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سے بے نامی رقم کے حصول کا الزام ہے ،پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سے اراضی کے تبادلے کا الزام بھی ہے ،خواجہ برادران اور ان کی اہلیہ پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹرز شیئر ہولڈرز یاں مینجمنٹ میں نہیں رہے ،پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کو 2003میں ایس ای سی پی نے رجسٹرڈ کیا، پیراگون سٹی میں 50کینال اراضی دے کر 40کینال اراضی حاصل کی ،15ملین پیراگون سٹی کو ڈویلپمنٹ چارچز کی مد میں واجب الادا ہیں ،میرے موکل نے پیراگون کو اراضی کے حصول کے لیے بطور ڈیلر خدمات فراہم کیں اور کمشن لی۔
جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس وقت خواجہ سعد رفیق ممبر پارلیمنٹ تھے۔ جس پر امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی بالکل خوجہ سعد رفیق اس وقت ممبر پارلیمنٹ تھے۔پیراگون سوسائٹی مشرف دور میں معرض وجود میں آئی جب ہم اپوزیشن میں تھے ،7ہزار کینال اراضی کی ہائوسنگ سوسائٹی سے 1 کروڑ کی وصولی بطور ایجنٹ حاصل کی ،،پیراگون سے وصول کی جانے والی رقم کو ٹیکس ریٹرن میں شامل کیا اور تمام اثاثے اپنی ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کیے ہیں۔
پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سے خواجہ براردان کا تعلق نہیں ہے۔خواجہ برادران کے وکیل نے مزید کہا کہ قیصر امین بٹ خواجہ برادران کے خلاف رام کہانی سناتا ہے ،وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے زبانی بیان کے علاوہ نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو حتمی بحث کے لئے طلب کرلیا ۔