آصف زرداری نے درخواست ضمانت کیلئے عدالت کو گمراہ کیا اور غلط بیانی کی، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیا

 
0
323

اسلام آباد اپریل 12 (ٹی این ایس): جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے سابق صدر آصٖف علی زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ جمعہ کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا جو نیب کے تفتیشی افسر اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے داخل کیا۔ نیب کے جواب میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
نیب نے قانون کے مطابق دستاویزی شواہد حاصل کئے، آصف زرداری نیب سے تعاون نہیں کر رہے، نیب نے ان کا مؤقف جاننے کے لیے قانون کے مطابق کال اپ نوٹس جاری کیا۔ نیب نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ جن انکوائریز میں طلب نہیں کیا گیا، آصف زرداری کو اس متعلق جاننے کا استحقاق نہیں، آصف زرداری کو20 مارچ کو سوالنامہ دیا، 10 دن میں جواب جمع کرانے کا موقع دیا گیا۔
نیب کے تحریری جواب کے مطابق آصف زرداری کی کمپنی نے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض حاصل کیا۔ انہوں نے درخواست ضمانت کے لئے عدالت کو گمراہ کیا اور غلط بیانی کی، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ نیب کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آصف زرداری کے اثر و رسوخ کے باعث شواہد میں ٹیمپرنگ کرنے کا خدشہ ہے لہٰذا ان کی عبوری ضمانت مسترد کی جائے۔واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت راولپنڈی کی احتساب عدالت میں چل رہی ہے جب کہ آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اس مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت حاصل کررکھی ہے۔