مسترد شدہ عناصر دھاندلی کا رونا رو کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے،عوام نے ان کو سیاست سے ہمیشہ کے لئے آوٹ کر دیا:غلام علی خان

 
0
409

نئی حکومت کا یہ کڑا امتحان ہے کہ وہ سب سے پہلے عوام کے بنیادی حقوق پر مشتمل آئین کے چالیس نکات کے نفاذکو یقینی بنا ئے: جشن آزادی کے پروگرام سے خطاب

اسلام آباد، اگست 02 (ٹی این ایس): پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما سابق امیدوار برائے پی پی 18غلام علی خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے برسراقتدار آنے والے آمریت زدہ مسترد شدہ عناصر دھاندلی کا رونا رو کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے،عوام نے ان کو سیاست سے ہمیشہ کے لئے آوٹ کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ نئی آنے والی حکومت کا یہ کڑا امتحان ہے کہ وہ سب سے پہلے عوام کے بنیادی حقوق پر مشتمل آئین کے ان چالیس نکات جن کے بارے میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران شعور دیا،ان کے نفاذکو یقینی بنا کر عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کرے ،انہوں نے کہا کہ سابق شریف حکومت پاکستان کو قرضوں کی معیشت میں جکڑ کے رکھ دیا، بھاری قرضے کیوں لیے اور کہاں خرچ ہوئے؟ ان سب کا حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔

وہ گزشتہ روز منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی رہنما عمر قریشی،فرقان یوسف ،سید قمر گردیزی،وسیم خٹک سے’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ کے عنوان سے ہونے والے 14اگست جشن آزادی کے پروگرام کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین کی پہچان کرائی ،ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی اورآئین کے نفاذ پر مبنی ہے ،جن میں غریب عوام کو غربت ،مفلسی سے نکال کر خوشحالی دینا ،عام آدمی کی عزت نفس کی بحالی،اور عوام کے جان و مال کی حفاظت دینے کی بات کی گئی ، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد آئین کے حقیقی نفاذکے لئے ہے جس سے غریبوں کے گھروں کے بجھے ہوئے چولہے جل سکیں،جس سے عوام کو انصاف میسر آئے ،سابق حکمران فقط ان آرٹیکل کی بات کرتے رہے جن سے ان کا کاروبار اور ان کا دھندہ چلتا ہے ، سابق حکمرانوں نے عام آدمی کے حقوق ،جن سے عام آدمی کی زندگی بدل سکے،کے متعلق آئین کی شقوں کو معطل کئے رکھا ،انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ چھانگا مانگا اور مینڈیٹ چرانے کے کلچر کے بانی کہتے ہیں کہ مینڈیٹ کا احترام نہ کرنے کی روایت نہ ڈالی جائے۔