سائرہ افصل تارڑ کی زیر صدارت وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کی16 ویں قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

 
0
1075

اسلام آبادجولائی19 (ٹی این ایس):وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کی صدارت میں وزیر اعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کی 16 ویں قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں سیکرٹری وزارت قومی صحت، ایڈیشنل سیکریٹری قومی صحت، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے نمائندے، صحت کے صوبائی محکموں، وزارت خزانہ کے نمائندوں، نادرا،اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے نمائندوں، اور شراکت دار اداروں نے شر کت کی ۔یہ اجلاس وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں ضروری فیصلے کرنے کے لئے طلب کیا گیا تھا تاکہ نیشنل ہیلتھ پروگرام کوپورے پاکستان تک وسیع کیا جائے اور 200 روپے سے کم یومیہ آمدنی والے خاندانوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے ان کی ہیلتھ انشورنس کی جاسکے ۔کمیٹی نے ہیلتھ پروگرام کا پیکج بڑھانے کا فیصلہ کیا جو کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام سے مستفید ہونے والے اندراج شدہ خاندانوں کو پروگرام کے اگلے مرحلے کے دوران دیاجائے گا۔

وزیراعظم کی ہدایات اور صوبائی محکمہ صحت کی سفارشات کے عین مطابق قومی سٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پروگرام کو بلوچستان کے دو اضلاع خضدار اور قلعہ عبداللہ سمیت پنجاب کے 12 اضلاع مظفرگڑھ، وہاڑی، لودھراں، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، حافظ آباد، بھکر، ، بہاول نگربہاولپور اور خوشاب تک وسعت دی جائے گی ۔آخر میں وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا، انہوں نے خاص طور پر چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے غریب خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تعاون کرتے ہوئے وقت دیا اور اس کا م کے لئے اپنی خدمات پیش کیں ۔