اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے بنائے جانے والے فیڈرل کیپٹل کمیشن کا ایک مشاورتی اجلاس پاک چائنہ سینٹر میں منعقد ہوا

 
0
301

اسلام آباد مئی 02 (ٹی این ایس): اس مشاورتی اجلاس میں فیڈرل کمیشن کے ارکان کے علاوہ مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ان میں راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، آئیسکو، اسلام آباد پولیس، نادرا، پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، پاکستان ایئر فورس، پاک ای پی اے، پلاننگ ونگ کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس آفیسرز، ماہرین کے پینل اور نامور آرکیٹکٹس اور ٹاؤن پلانرز شامل ہیں۔
اس مشاورتی اجلاس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات اور تجاویز لینا ہے تاکہ اس کی روشنی میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے کام کو احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
اس موقع پر شرکاء کو ایک تفصیلی بریفنگ / پریزنٹیشن دی گئی۔ شرکاء کو فیڈرل کمیشن کے کام سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ شرکاء سے کہا گیا کہ وہ اپنی ماہرانہ رائے اور تجاویز دیں تاکہ کمیشن کو دی جانے والی ذمہ داری کو زیادہ احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ شرکاء کو کمیشن سے متعلق ایک جامع آن لائن سوالنامہ بھی دیا گیا جس میں کمیشن کے کام، ذمہ داریوں اور سروے سے متعلق تفصیلات دی گئی ہیں۔ یہ سوالنامہ ویب سائیٹ پر بھی دیا جا رہا ہے تاکہ جنرل پبلک سے بھی تجاویز لی جا سکیں۔

اس موقع پر فیڈرل کمیشن کے کنونیئر اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ڈائیلاگ کا مقصد ماسٹر پلان پر کی جانے والی نظر ثانی کو مزید بہتر، پائیدار اور سیلف فنانس میکنزم کے طور پر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا گرین کریکٹر کمیشن کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس لیے کمیشن نظر ثانی میں گرین کریکٹر کے تحفظ اور شہر کو مزید سر سبز و شاداب بنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ زوننگ ریگولیشنز کو بھی پورے غور خوض اور مکمل گہرائی سے دیکھا جا رہا ہے تاکہ اس میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اس سے مستقبل کی ضروریات بشمول پانی کی ضروریات، سیوریج سسٹم، سینی ٹیشن کی ضروریات اور سب سے زیادہ سیلف جنریشن کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہر میں وسعت سے اسلام آباد کی حیثیت تبدیل ہوئی ہے جسے موجودہ ماسٹر پلان پورا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کمیشن کھلے دل سے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے مفید تجاویز اور مشاورت پر مکمل یقین رکھتا ہے۔
شرکاء نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے ضمن میں اپنی طرف سے مختلف آراء اور تجاویز بھی دیں۔