سی ڈی اے نے اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی رفتار کومزید تیز کر دیا ہے

 
0
377

اسلام آباد مئی 04 (ٹی این ایس): اس سلسلے میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی غوری ٹاؤن میں جاری آپریشن میں مزید تیزی لاتے ہوئے 213مختلف عمارات بشمول پراپرٹی کے دفاتر کو سر بمہر کر دیا گیا۔ مزید برآں سوسائٹی میں پارک کے لیے مختص جگہ پر بنائی گئی غیر قانونی دکانوں کو مسمار کر کے پارک کے لیے مختص اراضی کو واگذار کروا لیا گیا۔ ہفتہ وار تعطیل کے باوجود ہفتے کے روز صبح 6 بجے شروع کئے گئے آپریشن میں سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، پلاننگ ونگ، اسلام آباد انتظامیہ،اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ شعبوں نے شرکت کی۔

ہفتے کے روز کئے گئے آپریشن کے دوران غوری ٹاؤن فیزVII- میں کاروائیاں کی گئیں۔ اس آپریشن کے دوران 213 مختلف عمارات بشمول پراپرٹی کے دفاتر، مارکیٹنگ کے دفاتر کو سر بمہر کیا گیا۔ اسی طرح غوری ٹاؤن میں پارک کے لیے مختص اراضی پر 25 دکانوں پر مشتمل ایک بڑی عمارت کو مسمار کر کے پارک کی اراضی کو واگذار کوا لیا گیا۔ اسی طرح چار شیڈز اور دو انٹری پوائنٹ کو بھی مسمار کر دیا گیاجبکہ پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گرین سپائر کے نام سے رئیل اسٹیٹ آفس کو بھی مسمار کیا گیا۔

سی ڈی اے نے کہا ہے کہ شہر میں بلا اجازت تعمیرات کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ مزید برآں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے پلان میں مختلف سہولیات کے لیے مختص پلاٹوں پر کسی قسم کی کمرشل یا دیگر سر گرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں ایسے عناصر جو عوام الناس کو گمراہ کر کے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کروانے میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس تناظر میں غوری ٹاؤن میں تعمیرات کی روک تھام اور زمین اور پلاٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث رئیل اسٹیٹ کے دفاتر کو سر بمہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے متعدد بار بذیعہ اخبارات عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں جائیداد کی خریر و فروخت سے اجتناب کریں۔ سی ڈی اے ایک بار پھر عوام الناس کو خبردار کر رہا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں۔ سی ڈی اے نے عوام الناس سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سہولیات جن میں پارک، قبرستان، گرین ایریاء و دیگر شامل ہیں پر کسی قسم کی کمرشل یا دیگر کی جانے والی سرگرمیوں کی بابت سی ڈی اے کو آگاہ کریں تاکہ فی الفور ایسی سر گرمیوں کا تدارک کیا جا سکے۔