اب راولپنڈی پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم ملے گی، MoU سائن، ادھر 397ہیڈ کانسٹیبلز کو عہدہ پر کنفرم کردیا گیا

 
0
376

راولپنڈی مئی 06 (ٹی این ایس): سٹی پولیس آفیسر،راولپنڈی عباس احسن نے پولیس ملازمین کے بچوں کی معیاری تعلیم کیلئے راولپنڈی کے 20سے زائد نامور نجی تعلیمی اداروں /سکولز کے سربراہان کے ساتھ MOUپر دستخط کیے۔ تفصیلات کے مطابق تقریب کا انعقاد پولیس آفیسرز میس راولپنڈی میں کیا گیا۔ جس میں سٹی پولیس آفیسر عباس احسن راولپنڈی، چیف ٹریفک آفیسرمحمد بن اشرف، ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز راجہ طفیور کے علاوہ راولپنڈی کے نامور تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ ویلکم ایڈریس میں چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے بتلایا کہ راولپنڈی پولیس 20سے زائد نامور نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ معیاری تعلیم کیلئے معاہدہ کر رہی ہیں جن کی راولپنڈی میں 80سے زائد ذیلی شاخیں ہیں۔ان اداروں میں دی ایجوکیٹرز، الائیڈ سکولز، سلور آکس، صدیق پبلک سکول،ناصر فاؤنڈیشن کالج، پراگرسیو ماڈل سکول اینڈ کالج، بریلینٹ کیمبرج سکول، پاک لینڈ سکول اینڈ کالج، عسکریہ سکول اینڈ کالج، شائنگ سٹارز سکول، سٹی انگلش سکول، سٹی گرائمر سکول، پاکستان نیشنل سکولز شامل ہیں۔ اس موقع پر پریذیڈنٹ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ملک نسیم احمد نے تقریب میں آنے والے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا۔ مزید یہ کہ گوجر خان،چکری، جھنگی سیداں، پشاور روڈ، ڈھوک سیداں، پیپلز کالونی، برف خانہ چوک، صدر، چکلالہ، 6thروڈ کے ادارے پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم مناسب فیس کے ساتھ مہیا کریں گے۔ یہ ادارے فیڈرل /راولپنڈی بورڈ سے الحاق شدہ ہیں۔ سی پی او راولپنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس کی ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہے، تمام والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے بھی اچھے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلہ میں منعقد کی گئی ہے۔ پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کی اس کاوش سے راولپنڈی پولیس کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔
سٹی پولیس آفیسر،راولپنڈی عباس احسن نے 397ہیڈ کانسٹیبلز کو عہدہ پر کنفرم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 432ہیڈ کانسٹیبلز کی کنفرمیشن کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ تین رکنی کمیٹی ایس پی ہید کوارٹرز راولپنڈی، ڈی ایس پی لیگل راولپنڈی اور جنرل کلرک “B”برانچ پر مشتمل تھی۔ جس نے ہیڈ کانسٹیبلز کنفرمیشن کیسز کا جائز ہ لیتے ہوئے 397ہیڈ کانسٹیبلز کو 2سال پروبیشن پیریڈ مکمل ہونے پر عہدہ پر کنفرم کرنے کی سفارش کی جس پر سی پی اور اولپنڈی نے 397ہیڈ کانسٹیبلزکو پروموشن کی تاریخ سے کنفرم کرنے کے آرڈر جاری کردئیے۔ جبکہ 06ہیڈ کانسٹیبلز کے کیسز محکمانہ انکوائریز کی وجہ سے ڈیفر کردئیے گئے۔