پاکستان میں بجلی کی پیداوار طلب سے بڑھ گئی، بجلی کا شارٹ فال زیرو ہو گیا

 
0
353

اسلام آباد مئی 08 (ٹی این ایس): پاکستان میں بجلی کی پیداوار طلب سے بڑھ گئی اور بجلی کا شارٹ فال زیرو رہ گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق دوسرے روزے کے دن بجلی کی طلب بجلی کی فراہمی سے کم رہی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز 6بج کر 30منٹ تک ملک میں بجلی کی طلب 19ہزار489میگاواٹ رہی جبکہ بجلی کی فراہمی 21ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ جن فیڈرز پر تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہے ان کے علاوہ تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ رمضان المبارک کے مہینے کے دوران ملک میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے اور لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جس کے بعد پاور ڈویژن نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اور سحر وافطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بالکل نہیں ہو گی۔اب پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار طلب سے بڑھ گئی ہے اس لیے لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔