پرویز خٹک کی جانب سے اسپیکر کو ’’ہمارا ‘‘ کہنے پر اپوزیشن کا شدید احتجاج

 
0
469

اسلام آباد مئی 10 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے اسپیکر کو ’’ہمارا ‘‘ کہنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر صاحب آپ پورے ایوان کے سپیکرہیں ۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن ارکان سے کہاکہ جب آپ ہمارے اسپیکر پر حملہ کرتے ہیں تو ہمیں بھی بچانے کیلئے آگے آنا پڑیگا۔
انہوںنے کہاکہ ایسا ہوگا تو پھر جنگ شروع ہوجائیگی ۔وزیر دفاع کے ریمارکس پر اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ۔وزیر دفاع نے کہاکہ آپ چپ کرکے ہماری بات سنیں ۔اس موقع پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے اسپیکر کو’’ہمارا‘‘کہنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ وزیر دفاع نے آپ کو اپنا اسپیکر کہا ہے،اپ پورے ایوان کے اسپیکر ہیں۔جس پر سپیکر نے کہاکہ میں پورے ایوان کا اسپیکر ہوں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ جناب اسپیکر! گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کیلئے ظالم اور منافقت کے الفاظ استعمال کیے تو وہ حذف کر دیئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر دفاع کے بھی ’’ہمارا اسپیکر ‘‘کے الفاظ حذف کرادیں۔