کراچی کے ساحلوں پر تیل کی تلاش میں وفاقی وزراءخود کیکڑا-1 پہنچ گئے، کیکڑا-1 جانے والوں میں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی، عمر ایوب کے علاوہ مشیر پٹرولیم ندیم بابر بھی شامل ہیں

 
0
492

کراچی مئی 10 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ ماہ عوام کو بھر پور آس دلائی ہے کہ کراچی کے سمندری علاقے میں تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ جن کی تلاش جاری ہے۔ اگر تیل کے یہ ذخائر دریافت ہو گئے تو پاکستان اس شعبے میں خود کفیل ہو جائے گا اور ہر سال کھربوں روپے تیل کی درآمدپر ضائع نہیں کرنے پڑیں گے۔ وفاقی وزراءکو اُمید ہے کہ تیل کے ذخائر کی دریافت کے باعث جہاں پاکستان کی معیشت بہتر ہو گی وہاں بحرانوں میں گھری حکومت بھی عوام کے سامنے سُرخرو ہو جائے گی۔
سو اس وقت وفاقی وزراءبھی تیل کی تلاش کے حوالے سے بہت زیادہ توقعات باندھے بیٹھے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل کی تلاش میں وفاقی وزیر خود کیکڑا 1- پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے جہاز رانی علی حیدر زیدی اور وزیر برائے توانائی، پیٹرولیم اور قدرتی وسائل عمر ایوب کراچی کے ساحل سے 230 کلومیٹر دور سمندری علاقے کیکڑا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر مشیر پیٹرولیم ندیم بابر بھی ہمراہ تھے۔ یہ حکومتی عہدے دار ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر تیل کی ممکنہ دریافت والے علاقے میں پہنچے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند ہفتے قبل کہا تھا کہ تیل تلاش کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ہمارے سمندر میں ایک بڑا ذخیرہ دریافت ہوسکتا ہے اور اگر ایسا ہوگیا تو پاکستان ایک یکسر مختلف درجے میں ہوگا۔
تاہم اس حوالے سے ایگزون موبل اور تیل دریافت کرنے والی بین الاقوامی کمپنی ای این آئی کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ کمپنی کے مطابق جنوری سے تیل کی تلاش کے لیے کیکڑا-1 علاقے میں 230 کلومیٹر تک انتہائی گہری کھدائی کی جا رہی ہے ۔ دونوں وفاقی وزراءنے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر پر اپنی تصاویر شیئر کر کے اپنی روانگی کا بتایا۔
جس پر کچھ سوشل میڈیا نے اُن کے اس جذبے کو سراہا تو کچھ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔معروف سفارت کار و تجزیہ کار ظفر ہلالی نے ٹویٹر پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا بس کھدائی اور کھدائی جاری ہے اور کچھ نکل نہیں رہا تو کیوں جارہے ہیں وہاں؟ یا آپ کے پاس کوئی اچھی اطلاع ہے؟ایک اور صارف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے حکومت کو تجویز دی کہ اس کھدائی کو روک دیا جائے اس سے عوام کا تیل نکل رہا ہے۔جبکہ ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد پاکستان کو تیل اور گیس کی دولت سے نوازے۔