چئیرمین نیب پر اہم ریفرنسز واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف چئیرمین نیب نے دباؤ پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے کی ٹھان لی

 
0
558

اسلام آباد مئی 11 (ٹی این ایس): ملک بھر میں اہم شخصیات کے خلاف نیب ریفرنسز چل رہے ہیں جس سے سب سے زیادہ شریف خاندان متاثر ہوا ہے۔ تاہم اب چئیرمین نیب پر اہم ریفرنسز واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے جسے چئیرمین نیب نے قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق چئیرمین نیب پر دباؤڈالا گیا کہ وہ متعلقہ ریفرنسزواپس لے لیں لیکن چئیرمین نیب نے دباؤ پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے کی ٹھان لی ہے۔
دباؤ مسترد ہونے پر سوشل میڈیا پرچند تصاویر بھی جاری کی گئیں جو انتہائی مہارت سے تیار کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چئیرمین نیب سے رابطہ کیا گیا توانہوں نے کہا کہ ان اطلاعات میں صداقت ہے۔ چئیرمین نے معاملے پر کسی قسم کے تبصرے سے گریزکیا اورکہا کہ میں اﷲ اورنبی کریم ﷺ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا، بلاخوف و خطرآئین و قانون کے مطابق فرائض سرانجام دیتا رہوں گا۔
علاوہ ازیں جعلی اکاؤنٹس اور میگا کرپشن کیسز میں نیب پر دباؤ ڈالنے کی منظم کوششوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب کے کرپشن کے خلاف متحرک ارکان کے تبادلے اور بڑے مجرموں کا نام ریفرنسز سے نکالنے کے لیے پس پردہ عناصر متحرک ہو گئے ۔نیب کے کچھ افسروں کو ہٹانے کے لئے دباؤبڑھ گیا، ریفرنس پرہاتھ ہلکا رکھنے کی سفارشیں بھی آنے کی اطلاعات ہیں۔
نیب میں موجود اہم مقدمات سے متعلق رازافشا کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا ۔ کچھ اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے میبنہ طور پر گارنٹرز کو استعمال کرنا شروع کر دیا اوراپنے ادوار میں نوکریوں پر لگائے گئے افراد کو بھی احسانات یاد کروانے شروع کردیئے ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی الٹ چیزیں تیار کی جا رہی ہیں، بعض چیزیں حذف کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کو کچھ ٹرائل اور کچھ اپیلوں میں سہولت مل سکے ۔