سانحہ داتا دربار میں دہشت گرد قرار دیا جانے والا شخص سادہ لوح شہری نکلا

 
0
1016

لاہور مئی 11 (ٹی این ایس): سانحہ داتا دربار میں دہشت گرد کا مبینہ سہولت کار قرار دیا جانے والا شخص سادہ لوح شہری نکلا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی ٹی وی چینلوں پر ا سکی تصویر خبر کے ساتھ نشر ہوئی تو اس کی زندگی اجیرن ہو گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق موڑ ایمن آباد کے رہائشی ذیشان کی تصویر ٹی وی چینلز پر سانحہ داتا دربار کے مبینہ سہولت کار کی حیثیت سے نشر کی جاتی رہیں۔
جب کہ اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک سادہ لوح شخص ہے۔اور اس کا دہشت گرد یا ہونے والے دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔موڑ ایمن آباد کے رہائشی ذیشان کا کہنا ہے کہ سانحہ والے دن وہ رکشہ میں بیٹھ کر داتا دربار گیا تھا جہاں اس نے فاتحہ خوانی کی اور جب وہ باہر نکل رہا تھا تو اس وقت اچانک دھماکہ ہو گیا۔ذیشان کے مطابق جب بم پھٹا تو ہر طرف بھگدڑ مچ گئی تھی اور لوگ باہر کی طرف نکل کر بھاگے۔
اور وہ بھی دیگر لوگوں کی طرح گھبراہٹ میں دربار سے نکلا اور واپس بھاگ کر گھر آیا۔شہری کا سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا پر میری تصاویر اور خبر نشر کر کے بہت زیادتی کی گئی کیونکہ میری زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا ہے کہ وہ جدی پشتی موڑ ایمن آباد رہائشی ہے۔اور اس کا کسی بھی قسم کی منفی سرگرمی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
خیال رہے سی ٹی ڈی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گڑھی شاہو مین بازار میں واقعہ ایک ٹی سٹال پر چھاپہ مار کر 6 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔جب کہ دوسری جانب سانحہ داتا دربار کا ایک اور 19 سالہ نوجوان مدثر شہید ہو گیا۔ اس طرح خود کش دھماکے میں شہادت نوش کرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 19 سالہ شہید مدثر شہزاد اپنے گھر کا واحد کفیل تھا جو حیدر آباد سے ہجرت کر کے لاہور میں قیام پذیر ہوئے۔ شہید مدثر شہزاد موہنی روڈ میں آٹو سپیئر پارٹس کا کاروبار کرتا تھا اور وقوعہ کے روز وہاں سے گزر رہا تھا یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میو ہسپتال لاہور مین زیر علاج 28 زخمیوں میں سے 19 زخمیوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ایک زخمی کو آج کسی وقت ڈسچارج کر دیا جائے گا جبکہ باقی 6 زخمی میو ہسپتال میں بدستور زیر علاج ہیں۔ شہید مدثر شہزاد کے بارے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ اندرون لوہاری گیٹ کا رہنے والا ہے۔ اپنے اہل خانہ کے ساتھ کرائے کے مکان میں مقیم ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کسی شخصیت نے تاحال مدثر شہزاد کے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کیا۔