سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے مختلف شاہراؤں کے رائٹ آف وے سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے آپریشن مزید تیز کر دیا گیا

 
0
741

اسلام آباد مئی 16 (ٹی این ایس): یہ آپریشن بیک وقت شہر کے مختلف حصوں جن میں بلیو ایریاء، مین ناظم الدین روڈ، مین مارگلہ روڈ، جی ٹی روڈ اور دیگر شاہراؤں کے اطراف میں کیے جا رہے ہیں۔ ان کاروائیوں کے دوران متعدد کیبن،گارڈ رومز، انٹری گیٹ، لوہے کی گرلیں، الیکٹرک جنریٹرز اور دیگر تجاوزات جو کہ سڑکوں کے رائٹ آف وے یا پلاٹ لائن سے تجاوز کر کے قائم کی گئیں ہیں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ ان کاروائیوں میں سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، اسلام آباد انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ، روڈز ڈویژن اور دیگر شعبے بھر پور حصہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کی گئیں کاروائیوں میں مین ناظم الدین روڈ پر مختلف عمارتوں کی طرف سے پلاٹ لائن کو تجاوز کر کے اور رائٹ آف وے کی خلاف ورزی کر کے تعمیرکیے گئے متعدد بیئرز، داخلی راستے، گارڈ رومز، سیکورٹی کیبن، پارکنگ شیڈز، بیرونی لوہے کے جنگلے اور متعدد غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کیا گیا۔ یہ تعمیرات یوفون ٹاور، اسلام آباد سٹاک ایکسچینج بلڈنگ، سعودی پاک ٹاور، سٹیٹ لائف کی زیرِ تعمیر بلڈنگ، ایس ایم ای بینک کی بلڈنگ،بیورلے سینٹر، گرین ٹاور، یو بی ایل بلڈنگ، این آئی سی ایل بلڈنگ اور او جی ڈی سی ایل بلڈنگ کے اطراف سے ختم کی گئیں۔

اسی طرح ایک اور کاروائی مین مارگلہ روڈ سیکٹر F-6اورF-7میں کی گئی جس کے دوران مختلف گھروں کی پلاٹ لائنوں کے باہر تعمیر کیے گئے 25 غیر قانونی سیکورٹی کیبن کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ دو غیر قانونی طور پر نصب کیے گئے جنریٹرز کو بھی ہٹا دیا گیا۔

اسی طرح ایک اور کاروائی مین مارگلہ روڈ سیکٹرF-10میں عمل میں لائی گئی جس کے دوران 10 سیکورٹی کیبن، 8 گیٹ، 5 جنریٹرز، 15روڈ بلاکرز، 16دیواریں، 20 لوہے کے جنگلے، 10 لان اور 25 غیر قانونی طور پر لگائی گئیں باڑوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔

ایک اور کاروائی چونگی نمبر26 جی ٹی روڈ پر عمل میں لائی گئی جس کے دوران غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے بلال ٹریولز کی طرف سے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے کنوپی، بکنگ آفس اور مسافر وں کی انتظار گاہ کو ختم کر دیا گیا۔