چین پاکستان سے زراعت، سیاحت اور سماجی شعبے میں شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے‘ چینی سفیر یائو جنگ

 
0
387

لاہور مئی 17 (ٹی این ایس): چینی سفیر یا ئو جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان سے زراعت، سیاحت اور سماجی شعبے میں شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یا ئو جنگ کی سربراہی میں چین کے 15رکنی اعلی سطحی وفد نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، صنعت و تجارت، اوقاف کے محکموں کے سیکرٹریز بھی موجود تھے۔چینی وفد کو صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور امن وامان پر بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دو رکا آغاز ہو گا،حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کر کے سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کررہی ہے، پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ورلڈ بنک نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کو سراہا ہے۔
چینی سفیر یائو جنگ نے کہا کہ چین پاکستان سے زراعت، سیاحت اور سماجی شعبے میں شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، وفود کے تبادلے سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی۔