ْوزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر اعلیٰ سطح اجلاس

 
0
291

اسلام آباد مئی 17 (ٹی این ایس): وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر 14 اگست2019 سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔ یہ بات جمعہ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر اعلیٰ سطح اجلاس میں بریفنگ میں بتائی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ نیشنل فوڈ سیکورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوسی یوسف بیگ مرزا، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور سینئر افسران شریک تھے۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لئے قواعد و ضوابط بنا لیے گئے ہیں اور 14 اگست2019 سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو الیکٹرک وہیکل پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔ پنجاب میں سموگ کی روک تھام اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کوگلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور سے آگاہ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔