پولیس اسٹیشن لوہی بھیر کے علاقہ پی ڈبلیوڈی میں نوسرباز گروہ نے آرمی پبلک سکول نوشہرہ کے پرنسپل کی اہلیہ ریٹائرڈ پروفیسرکو لوٹ لیا

 
0
1030

اسلام آباد مئی 21 (ٹی این ایس): پولیس اسٹیشن لوہی بھیر کے مصروف ترین علاقے پی ڈبلیو ڈی کی مرکزی شاہراہ پر آرمی پبلک سکول نوشہرہ کے پرنسپل کی اہلیہ کو لوٹ لیا گیا متعلقہ پولیس اسٹیشن لوہی بھیر کے اہلکار بروقت اطلاع کے باوجود جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکے وقوعہ کو پانچ روز گزرنے کے باوجود پولیس نے تاحال مقدمہ تک درج نہیں کیا آسٹرروڈ سفاری ویلاز تھری فیزٹواسلام آباد کے رہائشی اے پی ایس نوشہرہ کے پرنسپل محمد سفیرخان کی اہلیہ ریٹائرڈ پروفیسریاسمین مسعود پندرہ مئی کوافطاری سے قبل تقریباً پونے چھ بجے شام سودا سلف خریدنے اپنی گاڑی ہنڈاویزل میں سیف مارٹ مین ڈبل روڈ پی ڈبلیوڈی ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد گئی جہاں وہ پارکنگ میں اپنی گاڑی میں موجود تھی کہ اسی دوران دونوجوان جن کی عمریں بیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں گاڑی کے دونوں اطراف آگئے۔ایک نوجوان نے خاتون کو باتوں میں الجھایا جبکہ دوسرا شخص گاڑی کے فرنٹ سیٹ پر رکھا ہوا پرس اٹھا کر بھاگ گیا خاتون کے مطابق پرس میں پچاس ہزار سے زائد نقدی،تین موبائل فون سیٹ،دو ڈرائیونگ لائسنس،شناختی کارڈز،دو اے ٹی ایم کارڈز،چیک بکس اور گاڑی کے کاغذات موجود تھے۔واقعہ کے بعددونوں ملزمان کے دیگردوسے تین ساتھی جونزدیک ہی موجود تھے فرارہوگئے۔واقعہ کی بروقت اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن پولیس جائے وقوعہ پر نہیں آئی۔خاتون کے مطابق اس واقعہ کی تحریری درخواست تھانہ لوہی بھیرپولیس کو دی گئی۔پولیس نے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کی کاپی تودیدی لیکن تاحال ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز نہیں کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ لوہی بھیرکے ایریاز میں یہ گینگ ایک عرصہ سے متحرک ہے جواسی نوعیت کی وارداتیں کرکے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جبکہ پولیس اس گینگ کو گرفتارکرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔