وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

 
0
408

لاہور مئی 26 (ٹی این ایس): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ او رپرامن فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ اس مقصد کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پولیس جانفشانی اور مستعدی سے فرائض سرانجام دے۔ پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔ وضع کردہ سیکورٹی پلان کے حوالے سے مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔ فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ممکن ہے وہ اقدام اٹھایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان با ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات۔