مکہ میں دنیا کا سب سے بڑا گھومتا ہوا گنبد نصب کیاجائیگا

 
0
381

مکہ مکرمہ جولائی19(ٹی این ایس):دبئی سے تعلق رکھنے والی ایک ٹیکنالوجی فرم مکہ مکرمہ میں ایک گھومنے والا گنبد بنا رہی ہے۔اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ دنیا میں اس طرح کا سب سے بڑا گنبد ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریمیئر کمپوزٹ ٹیکنالوجیز (پی سی ٹی) نامی اسی فرم نے امریکی فرم ایپل کی نئی عمارت میں ’’اڑتی ہوئی‘‘ چھت بنائی تھی۔اس نے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایپل کے نئے ہیڈ کوارٹرز میں اسٹیو جابز تھیٹر کی پیالے کی شکل کی یہ چھت بنائی ہے۔دنیا کی فائبر کی اس سب سے بڑی چھت تلے ہی اب مستقبل میں ایپل کی نئی مصنوعات کا اعلان کیا جائے گا۔اس تھیٹر کی تعمیر پر اس فرم کو خوب تشہیر ملی ہے اور اب یہ سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کے مقدس مقام مسجد الحرام میں سب سے بڑا گھومتا ہوا گنبد مکمل کرنے جارہی ہے۔یہ گنبد مسجد الحرام کے صحن کے اوپر بنایا جارہا ہے۔اس کا قطر 38 میٹر ہوگا۔اس کے نیچے ایک اور گنبد ہوگا اور وہ بھی ایک نظام کے تحت اس کے ساتھ ہی گھومے گا۔پی سی ٹی کے پرنسپل آرکیٹکٹ گامی بوہم نے گھومتے ہوئے گنبد کی افادیت کے بارے میں بتایا کہ رات کے وقت بالعموم موسم بہت خوش گوار ہوتا ہے اور اس مناسب درجہ حرارت میں ائیرکنڈیشننگ کے بجائے قدرتی آب وہوا سے لطف اندوز ہونے اور سانس لینے کو جی چاہتا ہے۔یہ منفرد گھومتا ہوا گنبد پی سی ٹی کا مکہ مکرمہ میں کوئی پہلا منصوبہ نہیں ہے۔اس فرم نے اس سے پہلے کاربن فائبر سے زمین سے بلندی پر راستہ بنایا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا بالائی سول ڈھانچا ہے۔اس فرم نے مدینہ منورہ میں سعودی عرب کی تیز رفتار ریلوے کے ایک اسٹیشن کی کھلی چھت بھی بنائی ہے۔اس ریلوے لنک کے ذریعے مدینہ منورہ کو جدہ اور مکہ مکرمہ سے ملایا گیا ہے۔