روپے کی قدر میں کمی ڈالر 151روپے پر پہنچ گیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج مندی کا شکار انڈیکس نے 35 ہزار کی نفسیاتی حد کھو دی

 
0
541

کراچی مئی 28 (ٹی این ایس): روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 26 پیسے کا اضافہ ہوگیا ہے. گزشتہ روز روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا تھا تاہم آج کاروبار کے آغاز پر روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 26 پیسے اضافے کے بعد 151 روپے تک پہنچ گئی ہے.
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی مندی کا شکار رہی اور 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے باعث انڈیکس نے 35 ہزار کی نفسیاتی حد کھو دی. حکومت پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹر نگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 9 روپے 60 پیسے کا اضافہ ہوا جس کا براہ راست اثر ملکی قرضے پررہا.
گزشتہ ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر تقریباً 3 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی نءبلند ترین سطح 154 روپے پر پہنچ گیا تھا تاہم دن کے اختتام پر یہ قدر واپس 153.50 روپے ہوگئی. اسی طرح انٹربینک میں اس کی قدر بڑھ کر 151.50 روپے تک پہنچ گئی‘مارکیٹ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ جب تک انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں استحکام نہیں آئے گا تب تک مارکیٹ میں اس حوالے سے بے یقینی کی صورتحال برقرار رہے گی.
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں کی جانب سے روپے کی قدر علیحدہ علیحدہ لگائی جارہی ہے جبکہ ڈالر کی خریداری کے دوران بینکس اس کی قدر میں اضافہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے درآمدات کے معاہدے خطرے میں پڑ سکتے ہیں. پاکستان میں گزشتہ 4 روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 9 روپے 60 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس کی وجہ سے پاکستان کے قرضے میں ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے‘یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام تک انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 152 روپے ہوگئی تھی. اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جس کا آغاز 151 روپے کے ساتھ ہوا تھا تاہم اس کا اختتام 152.50 پر ہوا تھا.