سماجی تبدیلی کے نقیب ہونے اورعوام الناس میں آسان اور وسیع تررسائی رکھنے کے باعث سوشل میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے ، ڈاکٹرعارف علوی

 
0
505

اسلام آباد مئی 30 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ سماجی تبدیلی کے نقیب ہونے اورعوام الناس میں آسان اور وسیع تررسائی رکھنے کے باعث سوشل میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزارت اطلاعات ونشریات کے ساتھ سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان بھی اس موقع پرموجودتھیں۔
قوم کی تعمیر میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ سائبر سپیس میں ریاست مخالف پراپیگنڈہ کے توڑاور ملک کے حقیقی تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے وزارت اطلاعات کو اپنے مینڈیٹ میں وسعت لانا ہوگی۔انہوں نے وزارت اطلاعات ونشریات کی سوشل میڈیاٹیم کو زیادہ فعال اوراختراعی بننے پرزوردیا اورعالمی شائقین کو راغب کرنے کیلئے ڈیجیٹل گرافکس تکنیک اورترقی کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حکومت سوشل میڈیا کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے ، پاکستان کے ترقی پسندانہ اورجمہوری تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگرکرنے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے موثر استعمال کویقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اشتہارات کیلئے نئی پالیسی میں پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کی طرح سوشل میڈیاکیلئے اشتہارات کی تجویز زیرغورہے۔
قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے صدر مملکت کو وزارت اطلاعات ونشریات میں قائم سوشل میڈیا کے سیٹ اپ ، ساخت اورطریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر مملکت کو ریاست مخالف پراپیگنڈہ کا برقت اورموثر مقابلہ کرنے اورملک کے نرم تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی سوشل میڈیا ٹیم کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔