نون لیگ کی زرتاج گل کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد صوبے کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے خلاف بھی قرارداد

 
0
332

لاہور جون 03 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وفاقی وزیر زرتاج گل کے خلاف آرٹیکل 62 کے تحت کارروائی اور پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں گنجائش سے زائد قیدی ہونے کیخلاف قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہیں. پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدی ہونے کیخلاف قراردادجمع کرادی گئی،قرارداد مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی افتخار حسین چھچھر نے جمع کرائی.
قرارداد کے متن میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب کی جیلوں میں 27ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن 50ہزار سے زائد قیدی ان جیلوں میں بند ہیں. قرارداد میں کہا گیا کہ گنجائش سے زیادہ قیدی جیلوں میں بند ہونے کے باعث انہیں علاج معالجہ اور دیگر سہولیات مہیا نہیں رہیں،جس کی وجہ سے جیلوں میں قیدیوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سینکڑوں قیدی جلد کے امراض سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں.
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے مناسب انتظامات کئے جائیں. دوسری جانب مسلم لیگ (ن )کی رکن عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر زرتاج گل کے خلاف آرٹیکل 62کے تحت کاروائی کے لیے قرارداد جمع کروائی ہے قرار داد میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر زرتاج گل نے عہدے کا غلط استعمال کیا اور سیاسی اثرورسوخ کے استعمال سے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ کر اپنی بہن شبنم گل کو بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کرایا.
زرتاج گل کی بہن کا انسداد دہشت گردی میں کوئی تجربہ اور ریسرچ نہیں، وہ اسسٹنٹ پروفیسر ہیں جبکہ 9سال بعد بھی اپنی پی ایچ ڈی مکمل نہیں کر سکیں. انہوں نے کہا کہ ناتجربہ کار خاتون کونیکٹا جیسے ادارے کا سربراہ تعینات کرنے سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مطالبہ ہے کہ زرتاج گل کےخلاف آرٹیکل 62ون ایف کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں فی الفور نا اہل قرار دیا جائے.