ورلڈ کپ2019ء، انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا

 
0
13454

لندن جون 03 (ٹی این ایس): کرکٹ ورلڈ کپ کے چھٹے مقابلے میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ کیا ہے ۔ یادرہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ کا بارہواں ایڈیشن انگلینڈ میں شروع ہوچکا ہے، میگا ایونٹ میں ریکارڈ 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیمیں انگلینڈ میں 11 وینیوز پر کھیلیں گی اور انکے درمیان فائنل سمیت48 میچز کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کےخلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ ہر ٹیم پہلے مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 9 میچز کھیلے گی جس کے بعد 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو کرکٹ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا ہے جس کے مقابلے 200 ممالک میں دیکھے جائیں گے۔
مجموعی طور پر نشریات دیکھنے کا وقت 13 ارب گھنٹے ہوگا، ایک ارب گھنٹے کا وقت ڈیجیٹل میڈیا پر میچز دیکھتے ہوئے بھی صرف ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کیلئے مجموعی طور پر 30 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں، کسی ایک میچ کیلئے 4 لاکھ تک امیدوار بھی سامنے آئے، ایک لاکھ 10 ہزار خواتین اور ایک لاکھ انڈر16 بچے بھی تماشائیوں میں شامل ہوں گے، 8 فین زونز بنائے گئے ہیں۔
میگا ایونٹ کو محفوظ بنانے کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے، سابق فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے 3 سال کی انتھک محنت سے حفاظتی منصوبہ تیار کیا، اقدامات کی چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈ کپ میں پہلے ہی آزمائش ہوچکی ہے، تمام 11 وینیوز میں دوران میچ کوئی غیر متعلقہ ڈرون بی پر نہیں مارسکے گا، ورلڈ کپ کی سکیورٹی سربراہ جل میک کریکین نے کہا ہے کہ کچھ ٹیمیں اپنے سکیورٹی ماہرین بھی ساتھ لائی ہیں، وہ بھی ہمارے انتظامات سے مطمئن ہیں، انہوں نے دعوی کیا ہے کہ 16 جون کے پاک بھارت میچ کو بھی کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائےگا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لندن میں کھیلا جائےگا۔ میگا ایونٹ انتظامیہ نے سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں بارش کے باعث متاثر ہونےوالے میچز کے لئے ریزرو ڈے بھی رکھے ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائےگا۔