رُکن قومی اسمبلی علی وزیر جیل منتقل، علی وزیر کو پاک فوج پر حملے اور عوام کو مشتعل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا

 
0
985

پشاور جون 04 (ٹی این ایس): رُکن قومی اسمبلی علی وزیر کو سینٹرل جیل پشاور منتقل کر دیا گیا۔ علی وزیر کو جیل منتقل کرنے سے قبل اُن کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رُکن قومی اسمبلی علی وزیر جو کہ پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما بھی ہیں، اُنہیں وزیرستان میں پاک فوج پر حملے اور عوام کو اشتعال دلا کر فوجی چوکی پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتار رُکن اسمبلی کو بنوں کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے رُوبرو پیش کیا گیا۔ ایم او ڈی جج شعیب نے علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں سینٹرل جیل پشاور منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ اس سے قبل علی وزیر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا۔اُن کی عدالت میں پیشی اور میڈیکل چیک اپ کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے۔
یہاں یہ بتاتے چلیں کہ 26 مئی کو رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے اپنے ساتھیوں سمیت شمالی وزیرستان میں واقع پاک فوج کی خاڑ قمر چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید اور 4 شدید زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 حملہ آور مارے گئے تھے۔محسن داوڑ اور علی وزیر کا اپنے ساتھیوں سمیت چیک پوسٹ پر دھاوا بولنے کا مقصد ایک روز قبل گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کار کو رہائی دلوانا تھا۔
سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا تھا اور اگلے ہی روز اُنہیں بنوں کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے علی وزیر کو شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں 8 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا تھا۔آج علی وزیر کو سینٹرل جیل پشاور منتقل کر دیا گیا۔