عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا. فردوس عاشق اعوان

 
0
379

اسلام آباد جون 11 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا‘ یکساں قانون کا اطلاق یقینی بنانے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں. پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا طاقتوراور کمزور کے لیے یکساں قانون کا اطلاق ہوگا‘ ماضی میں عدالتیں مرضی کی تشریح کرتی رہیں تاہم آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا.
معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی اور حمزہ شہباز اور آصف علی زرداری کا قانون کے تابع آنا مثبت پیش رفت ہے‘فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 70 برس سے سیاستدانوں نے قانون کو یرغمال بنایا ہوا تھا. انہوں نے کہا کہ اب صرف اور صرف قانون کی بالا دستی ہوگی، ادارے مضبوط ہوں گے تو غلطی کی گنجائش نہیں ہوگی. فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 70 سال سے طاقتور شخصیات قانون کو تابع کرتی رہیں ‘سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری پر انہوں نے کہا کہ آج عدالتوں نے اپنی آزادی اور اداروں نے خود مختاری کا اعلان کردیا، طاقتور اشخاص کی گرفتاریاں آزاد عدلیہ کا ثبوت ہیں‘ خواہش پر اور مرضی کے تحت قانون کی تشریح کی جاتی رہی، آج اداروں نے خود مختاری کا اعلان کر کے دل جیت لیے.
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جو وعدہ کیا تھا آج اس کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے، آج کا دن وہ خواب تھا جس کی تعبیر کے لیے عمران خان نکلے تھے، ہم توقع کرتے ہیں کہ آئین اور قانون کی بالا دستی کا سفر جاری رہے گا. معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن قانون سب کے لیے برابر ہوگا، قانون کی بالا دستی ہی عمران خان کا وژن ہے‘ آج پیش کیا جانے والا بجٹ وزیر اعظم کی سوچ کی عکاسی کرے گا.
انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے جدوجہد ہوگی، عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنے کے لیے تدابیر بنیں گی آج کے بجٹ میں عوام کے ریلیف کے لیے بات ہوگی، طاقتور سرمایہ دار کو بھی مین اسٹریم حصہ دار بنایا جا رہا ہے پاکستان میں وسائل کی تقسیم میں توازن نہیں تھا، بجٹ امیر اور غریب کا توازن کرنے جا رہا ہے. فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اداروں میں غیر ضروری اخراجات کو ختم کیا جائے گا، پاکستان کی معیشت کی درست سمت کا تعین ہوگا‘ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف سیاسی آہ و بکا ہوگی، دوسری طرف عوام کے لیے ترجیحات ہم نے مل کر پاکستان کی جنگ لڑنی ہے۔ ترجیحات میں بہتری کے لیے ہر بہتر تجویز کو خوش آمدید کہیں گے.