وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کی ملاقات۔

 
0
496

لاہور جون 14 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ سے شہید ہیڈ کانسٹیبل شاہد نذیر،شہید ہیڈکانسٹیبل محمد سہیل، شہید کانسٹیبل محمد صدام حسین اور شہید کانسٹیبل محمد سلیم کے والدین، بیواؤں اوربچوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کے چیک دیئے۔ انھوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو گھر بھی دیں گے۔ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو پلاٹ بھی دیئے جائیں گے۔ لواحقین کو شہید اہلکار کی ریٹائرمنٹ کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک پوری تنخواہ بھی ملتی رہے گی۔ شہید اہلکار کی بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی۔ شہداء کے اہل خانہ ان کی ریٹائرمنٹ تک سرکاری گھر میں رہ سکیں گے۔ شہداء کے بچوں کو فری تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کا شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت۔ وزیراعلیٰ کا شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت۔ شہید پولیس اہلکار وں نے اپنی قیمتی جانیں وطن پر قربان کی ہیں۔

شہداء کے اہل خانہ کیلئے جو کچھ ممکن ہو سکا، کریں گے۔ شہداء نے ملک کے امن کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ پنجاب پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر آ کر بہادری اور جرأت کی تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی فیملیز میرا اپنا خاندان ہے۔ پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کے خاندان کی ہرممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔  شہید پولیس اہلکارقوم کے ہیرو ہیں۔قوم کو بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ فرض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ قوم شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم اورلازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرپائے گی۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ شہداء کے اہل خانہ کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔
پنجاب پولیس کو ہر طرح کی سپورٹ فراہم کریں گے۔ ایسے واقعات میں شہید ہونے والے سویلین کے اہل خانہ کیلئے بھی امدادی پیکیج کا اعلان بجٹ میں کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔