اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں عمراکمل کا نام آنے کے بعد کامران اکمل سامنے آگئے

 
0
470

لاہورجولائی19( ٹی این ایس)اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں عمراکمل کا نام آنے کے بعد بڑے بھائی کامران اکمل سامنے آگئے۔ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ مفروضوں پر الزام تراشی کرنا درست نہیں۔ منفی خبروں سے اکمل برادران کامیڈیا ٹرائل کرنے سے گریز کیاجائے۔ مجھ سمیت اگرعمراکمل اورعدنان اکمل نے بھی کوئی غلط کام کیا ہے تو چوراہے پر لٹکا دیاجائے۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ جب سے عمراکمل کانام آیا ہے ہماراخاندان سخت مشکل میں ہے والدین بھی پریشان ہیں کوئی غلط کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے اگر کسی کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں برطانوی کرائم ایجنسی کے نمائندے اینڈریو افگریو سے جرح کے دوران دو مزید کرکٹرز کے نام سامنے آئے تھے جن میں عمراکمل اور محمد سمیع کا نام لیا جارہا تھا۔دوسری جانب پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر نے بھی عمراکمل اور محمد سمیع کے بارے میں تبصرے کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جب ان سے اس بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے نوکمنٹ کہہ کر سوال ٹال دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی کرائم ایجنسی کے نمائندے نے جو کچھ کہا وہ کسی کو معلوم نہیں ٹربیونل نے پی سی بی کو بھی بغیر شواہد بات کرنے سے منع کررکھاہے۔