2011 کی عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا  اہم کھلاڑی کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونےکا شبہ،بھارتی کرکٹ بورڈ اور راجستھان پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

 
0
3060

نئی دہلی، اپریل 08 (ٹی این ایس) : ورلڈکپ2011ءجیتنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونےکا شبہ ہے جس کےخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغازکردیاگیاہے۔ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ کھلاڑی کےخلاف گزشتہ سال جولائی میں جے پورمیں ایک ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے میچز فکس کرانےکا شبہ ہے۔

راج پتنا پریمیئرلیگ نامی ٹورنامنٹ میں مشکوک سرگرمیوں کے بعد بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ اور راجستھان پولیس کا سی آئی ڈی ڈیپارٹمنٹ تحقیقات کررہاہے،ٹورنامنٹ کے میچز براہ راست دکھائے گئے تھے اور ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ٹورنامنٹ میں ہوئی گڑبڑکا ماسٹرمائنڈسابق کرکٹر ہے جو تینوں فارمیٹس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ ورلڈکپ2011ءکی فاتح ٹیم کا بھی حصہ رہا ۔

بھارتی اخبار یا پولیس نے کھلاڑی کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے محض یہ بتایا کہ یہ کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ کے دوران مشکو ک انداز میں کھلاڑیوں کے پاس پایاگیا اور ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں انتہائی سنسنی خیز لمحات میں ایک باﺅلرنے حریف ٹیم کو مشکوک اندازمیں بائی کے 8 رنز دلوائے۔راجستھان پولیس نے 14مشکوک افرادکو گرفتار بھی کیاتاہم وہ اب ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں جبکہ مذکورہ انٹرنیشنل کھلاڑی سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران استعمال کئے جانےوالے موبائل فونز،واکی ٹاکی اورلیپ ٹاپس پولیس کے قبضے میں ہیں۔کیس کی تحقیقات کرنےوالے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا وہ اس مکروہ دھندے میں کچھ پرائیویٹ اداروں کے ملوث ہونےکی تحقیقات کررہے ہیں ،انہوں نے مذکورہ انٹرنیشنل کرکٹر کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوتے صرف کہا کہ آنےوالے دنوں میں یہ کیس انتہائی ہائی پروفائل بن سکتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011ءکا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم میں شامیل سابق فاسٹ باﺅلر سری سانتھ اسوقت انڈین پریمیئر لیگ کے2013ءمیں کھیلے گئے سیزن میںفکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا کاٹ رہے ہیں۔