امریکی سفارتکارکی   گاڑی کی ٹکر سے مارے جانے والےنوجوان عتیق کے ورثا کا مطالبہ انصاف، پوچھتے ہیں کہ سفارتی استثنیٰ کی آڑ میں غیرملکی اور کتنے پاکستانیوں کو اسی طرح گاڑیوں تلے روندتے رہیں گے؟

 
0
6217

اسلام آباد ، اپریل 08 (ٹی این ایس) : امریکی سفارتکارکی   گاڑی کی ٹکر سے مارے جانے والےنوجوان عتیق کے ورثا انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے پوچھتے ہیں کہ سفارتی استثنیٰ کی آڑ میں غیرملکی اور کتنے پاکستانیوں کو اسی طرح گاڑیوں تلے روندتے رہیں گے۔

المناک واقع ہفتہ کے روز  تھانہ کوہسار کی حدود میں پیش آیا جہاں امریکی سفارتخانے کے ایئراتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان عتیق جاں بحق ہوگیا جب کہ  اسکا ساتھی راحیل اسپتال میں زیر علاج ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضع طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی سفارکار  اشارہ کی لال بتی جلنے کے باوجودتیز رفتاری سے چوک کراس کر رہا ہے اور اس  کوشش میں بائیں طرف سے آنے والے مذکورہ موٹر سائکل سواروں کو اس قدر شدید ٹکر مارتا کہ وہ فضاء میں اچھل کر سڑک پر گرتے ہیں۔

ٹی این ایس کے رپورٹر ذیشان سید غمزدہ خاندان کے ہاں گئے اور انکے تاثرات  اور دکھ جاننے کی کوشش کی۔

بائیس سالہ عتیق کے ورثاء غم سے نڈھال اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت قاتل سے اس بے گناہ خون کا حساب لے، اور ہمیں انصاف دے۔

ذیشان سید  زخمی راحیل کے پاس بھی ہسپتال گئے  جہاں اس نے واقع کی تفصیل بتائی ۔

زخموں سے کراہتا راحیل بھی اپنے اور عتیق کے خاندان کو انصاف دلائے جانے کی مانگ کر رہاہے۔

جوان موت پر بین کرتے لواحقین یہ کہتے ہوئے کہ امریکی سفارتکار کی لاپروائی نے ایک غریب گھرانے کا جوان چراغ گل کردیا، پوچھتے ہیں کہ سفارتی استثنیٰ کی آڑ میں غیرملکی اور کتنے پاکستانیوں کو اسی طرح گاڑیوں تلے روندتے رہیں گے؟