قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ذاتیات سے پاک ہونی چاہیے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

 
0
271

اسلام آباد جون 24 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ذاتیات سے پاک ہونی چاہیے‘ قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ اگر کسی چیز کی ضرورت ہے وہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہے‘ سلیکٹنڈ غیر پارلیمانی لفظ ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ایوان میں ہمیں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ قومی اسمبلی کی کارروائی ذاتیات سے پاک ہو‘ کسی کے خلاف ایسے الفاظ استعمال نہیں ہونے چاہئیں جس سے ایوان کا ماحول خراب ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ شخصیات پر فقرے کسے جاتے ہیں‘ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کروں گا۔ دونوں اطراف سے ایوان کو دوستانہ ماحول کے تحت چلایا جائے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ہمیں ایک دوسرے پر تنقید پر اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ غیر پارلیمانی لفظ ہے۔ ہمیں ایوان میں ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہیے۔