الیکشن کمیشن نے کے پی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے دو امیدواروں کی گرفتاری پر سیکرٹری داخلہ و محکمہ قبائلی امور کو طلب کرلیا

 
0
548

اسلام آباد جون 27 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابی حلقوں پی کے 113 اور پی کے 114 جنوبی وزیرستان سے انتخابات میں حصہ لینے والے دو امیدواروں محمد عارف اور محمد اقبال کی گرفتاری پر سیکرٹری داخلہ و محکمہ قبائلی امور کو 28 جون کو طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری داخلہ و محکمہ قبائلی امور خیبرپختونخوا کو باقاعدہ خط لکھا گیا ہے کہ 20 جولائی کو سابق قبائلی علاقہ جات کے مختلف اضلاع میں 16 انتخابی حلقوں میں میں پولنگ ہونی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ پی کے 113 سے آزاد امیدوار محمد عارف کو 19 جبکہ پی کے 114 سے آزاد امیدوار محمد اقبال کو 24 جون کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیاگیا ہے اور انہیں ایک ماہ کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان اور ہری پور جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام انتخابی ضابطہ اخلاق میں رکاوٹ ہے اور الیکشن کمیشن کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرائے۔ کمیشن نے ذاتی طور پر انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ 28 جون کو 11 بجے کمیشن کے سامنے پیش ہوکر اس کی وضاحت کریں۔