احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے چیمبر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی سکیورٹی مسلم لیگ ن کی جانب سے مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بڑھائی گئی

 
0
428

اسلام آباد جولائی 08 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے پر ارشد ملک کے چیمبر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ وڈیو سامنے آنے کے بعد ان کے چیمبر کے باہر سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ہفتے کے روز پریس میڈیا کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جج ارشد ملک کو نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے کے لیے بلیک میل کیا گیا اور اُن پر دباؤ ڈالا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ کو اپنے گھر بلوا کر انہیں بتایا تھا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے کے لیے انہیں مجبور کیا گیا۔ مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا جج ارشد ملک نے دباؤ میں آ کر سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلہ کیا جس کا مبینہ طور پر انہوں نے ویڈیو میں بھی اعتراف کیا ہے۔
تاہم احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اس ویڈیو کو جعلی اور مفروضے کی بنیاد پر بنائی گئی ویڈیو قرار دیتے ہوئے اس ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ویڈیو میں موجود ناصر بٹ سے رابطہ کر کے انہیں پریس کانفرنس کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ اس وقت لندن میں قیام پذیر ہیں ، ناصر بٹ نہ تو کسی سے براہ راست کسی کے ساتھ رابطہ کررہے ہیں اور نہ ہی ان کے ساتھ خاص افراد کے علاوہ کسی اور کی ملاقات ہورہی ہے ۔ انہیں پارٹی قیادت کے پیغامات پہنچانے کے لئے تھرڈ چینل کااستعمال کیا جارہا ہے اور ان کے قریبی رفقاء کے ذریعے پیغام پہنچایا جارہا ہے ۔