مادر ملت کی 52 ویں برسی کل انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

 
0
343

اسلام آباد جولائی 08 (ٹی این ایس): بابائے قوم و بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی 52ویں برسی کل 9 جولائی بروز منگل کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور قومی جذبے سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی کانفرنسز ، سیمینارز ، ریفرنسز اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جن میں مادر ملت کی تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔
محترمہ فاطمہ جناح ؒ8 اور 9 جولائی 1967ء کی درمیانی شب 73 برس کی عمر میں قصر فاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصر علالت کے بعد اس دار فانی سے کوچ فرماگئی تھیں۔ مادر ملت کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات اور ڈ اکومینٹریز نشرکرے گا جن میں محترمہ کی اپنے بھائی کے ہمراہ الگ خطہ کے حصول کیلئے جدوجہد و قربانیوں کو اجاگر کیاجائے گا اسی طرح اخبارات بھی خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جن میں نوجوان نسل کو محترمہ فاطمہ جناح ؒ سمیت اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں علم ہوسکے کہ پاکستان کتنی جدوجہد کے بعد معرض وجود میں لایا گیا تھا۔
مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے جولائی 1891 ء میں نیو نہم روڈ کراچی میں پونجا جناح کے ہاں ولادت پائی ۔ وہ قائد اعظم سے عمر میں بہت چھوٹی تھیں ۔ آپ 2سال کی عمر میں والدہ کی محبت اور 10 سال کی عمر میں والد کی شفقت سے محروم ہو گئیں۔ انہوں نے 1910ء میں سینٹ پیٹرک سکول ممبئی سے میٹرک اور 1913 ء میں سینئر کیمرج کا امتحان پاس کیا ۔ انہوں نے 1922 ء میں بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی تعلیم مکمل کرکے 1923ء میں عبدالرحمٰن سٹریٹ ممبئی میں ڈینٹل کلینک کھول کر پریکٹس کا آغٖاز کر دیا ۔
1929 ء میں قائد اعظم کی اہلیہ رتن بائی کے انتقال پر انہوںنے اپنی زندگی بھائی کی خدمت کیلئے وقف کر دی ۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں بھی بڑھ چڑھ حصہ لیا اور 8و9 جولائی 1967 ء کی درمیانی شب 76 برس کی عمرمیں اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی۔