جاپان پاکستان کا قریبی دوست ملک اور اہم اقتصادی شراکت دار ہے

 
0
295

اسلام آباد جولائی 09 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کا قریبی دوست ملک اور اہم اقتصادی شراکت دار ہے، پاکستان اپنی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے جاپانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امتیاز احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے جاپان کیلئے نامزد سفیر کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں لیکن اس سلسلہ میں حقیقی استعداد اور صلاحیت سے استفادہ کیلئے تمام کوششوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔
انہوں نے پاکستان کی ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کو جاپان میں کھپانے کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کے جاپان میں کامیاب قیام کیلئے نیک خواہشات اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی کے عرصہ میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔