وفاقی کابینہ نےخواجہ آصف کی دبئی میں ملازمت اوراقامہ کا نوٹس لےلیا

 
0
304

اسلام آباد جولائی 09 (ٹی این ایس): وفاقی کابینہ نے سابق وزیردفاع خواجہ آصف کی دبئی میں ملازمت اور اقامہ کا نوٹس لے لیا، جس پر وفاقی کابینہ نے خواجہ آصف کے اقامہ کی فوری تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، خواجہ آصف وزیردفاع ہوکر غیرملکی کمپنی میں 10لاکھ ماہانہ کی ملازمت کیوں کرتے رہے؟میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔
وفاقی کابینہ نے سابق وزیردفاع خواجہ آصف کی دبئی میں ملازمت اورقامہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کابینہ نے اعتراض کیا کہ خواجہ آصف وزیردفاع ہوکر غیرملکی کمپنی میں 10لاکھ ماہانہ کی ملازمت کیوں کرتے رہے؟اسی طرح کابینہ نے پروڈکشن آرڈر کے دوران سابق صدر آصف زرداری کے انٹرویو کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے ادوار کے اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے غیرملکی دوروں پر1421.5ملین روپے خرچ ہوئے۔سابق صدرآصف زرداری کے غیرملکی دوروں پر 183.5ملین روپے خرچ ہوئے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پرتعیش دورے کرتے رہے۔
ملک اور قوم کو ان غیرملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا؟انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں اڑائی گئی دولت کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایف آئی اے ری اسٹرکچرنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سول سروسز اصلاحات کمیٹی کی تجاویز پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عوام بناتے ہیں قوم نے ہی لٹیروں کو اس انجام تک پہنچایا۔
اپنے ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کو نظام سے ہی باہر پھینک دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کے شیخ چلی کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں۔ مریم نواز سرخروتوآپ لوٹی ہوئی دولت قوم کولوٹا کرہوں گی۔ سیاست کی ڈوبتی کشتی کوسہارا دینے کی ناکام کوشش کی گئی، مریم نوازلوگوں کوگمراہ کررہی ہیں، آپ کا عوام کوگمراہ کرنے کا ڈرامہ مکمل فلاپ ہوگیا، عوام کے اعصاب سے کھیلنا بند کریں، محترمہ کی جعلسازی ثابت ہوچکی اوریہ ضمانت پرہیں، آپ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنہیں سکیں، آپ کوسپریم کورٹ نے سزا دی۔