نیب کی بڑی کاروائی، سندھ بینک کے صدر احسن طارق کو گرفتار کر لیا گیا

 
0
806

کراچی جولائی 10 (ٹی این ایس): نیب کی بڑی کاروائی، سندھ بینک کے صدر احسن طارق کو گرفتار کر لیا گیا، نیب کی جانب سے کاروائیاں کراچی اور لاہور میں کی گئیں، چھاپوں کے دوران سندھ بینک کے سابق صدر بلاول شیخ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی کی جانب سے کراچی اور لاہور میں چھاپے مارے گئے ہیں۔ بدھ کے روز نیب کی جانب سے مارے جانے والے چھاپوں کے دوران سندھ بینک اور ایک نجی بینک کے کئی افسران کو گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے نیب راولپنڈی نے کراچی میں مارے جانے والے چھاپے کے دوران سندھ بینک کے صدر احسن طارق کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ سندھ بینک کے سابق صدر بلال شیخ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سندھ بینک اور ایک نجی بینک کے دیگر کئی افسران کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان افراد پر اومنی گروپ منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ الزام ہے کہ ان افراد اومنی گروپ کی معاونت کرکے 1 ارب 80 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کروائی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کی جانب سے اومنی گروپ کو جعلی قرضے دیے گئے۔ نیب ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو نیب کراچی اور نیب لاہور کے دفاتر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کو کل راولپنڈی لے جایا جائے گا، پھر عدالت میں پیش کرکے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ نیب کی اس کاروائی کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ سندھ بینک اور ملک کے ایک بڑے نجی بینک کا ایک سال قبل انضمام ہوگیا تھا۔ نیب کی جانب سے جس نجی بینک کے افسران کو گرفتار کیا گیا ہے، اس نجی بینک میں پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کے شیئرز ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ جبکہ نیب کی جانب سے سندھ بینک اور نجی بینک کے جن افسران کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کے بارے میں بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ہیں۔