حکومت اداروں کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی، عمران خان

 
0
23527

وزیراعظم کو شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی اطلاع اجلاس میں دی گئی، قانون سے کوئی بالاتر نہیں، ادارے قانون کی بالادستی کو ہرلحاظ سے یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان کا ردعمل
اسلام آباد جولائی 18 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی، قانون سے کوئی بالاتر نہیں، ادارے قانون کی بالادستی کو ہرلحاظ سے یقینی بنائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ن لیگی سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی خبر اجلاس کے دوران دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں۔
قانون سب کے لیے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں۔ حکومت اداروں کے کام میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کرے گی۔ واضح رہے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں آج جمعرات کو طلب کیا تھا تاہم سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پیش نہیں ہوئے ۔
ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اور نگزیب کے مطابق پارٹی مشاورت سے نیب پیشی کا فیصلہ تبدیل کیا۔ لیکن نیب لاہور نے شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرلیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی گرفتاری کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید گرفتاریوں کی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ردعمل میں ٹویٹر پر کہا کہ میرے ہموطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار ! جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟ انہوں نے کہا کہ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے۔ مریم نواز نے ٹویٹر پر نیب کے وارنٹ گرفتاری کی تصویر بھی جاری کی۔