جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کے مرکزی ملزم میاں طارق مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

 
0
513

اسلام آباد جولائی 19 (ٹی این ایس): سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کے مرکزی ملزم میاں طارق کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ جمعہ کو ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا ملزم کے وکیل نے دلائل دیئے کہ انہیں ابھی تک ایف آئی آر کی کاپی ہی نہیں دی گئی۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ عدالت میں ہی ایف آئی آر لے کر پڑھ لیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ایف آئی اے کو ملزم کے قبضے سے ملنے والی یو ایس بی سے بھی مواد ملا ہے۔ اس کی رپورٹ کا جائزہ اور ملزم سے تفتیش کرنی ہے۔ اس لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کو دس جولائی کو پکڑا گیا جبکہ دو روز بعد سے موکل کا بیٹا لاپتہ ہے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی لاپتہ ہے تو مناسب فورم سے رجوع کیا جائے۔ عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو پیر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔