سی ڈی اے کی اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں کو نمایاں شخصیات سے منسوب کرنے کی سفارش

 
0
10507

اسلام آباد جولائی 21 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں کو نمایاں شخصیات سے منسوب کرنے کی سفارش کی ہے۔سی ڈی اے بورڈ کی سفارشات منسٹری آف نیشنل ہسٹری اور لیٹریری ہیرٹیج کی بنائی گئی کمیٹی کو منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ جن نمایاں شخصیات کے نام سے مختلف شاہراؤں کو منسوب کیا گیا ہے ان میں جوش ملیح آبادی، جمیل الدین عالی اور حفیظ جالندھری شامل ہیں۔
سروس روڈ (ویسٹ)سیکٹر D-12 کو جوش ملیح آبادی روڈ، سروس روڈ (ساؤتھ)سیکٹر D-12 کو جمیل الدین عالی روڈ اور سروس روڈ (ایسٹ)سیکٹر D-12 کو قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری سے منسوب کر کے حفیظ جالندھری روڈ قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے مجاز فورم کی منظوری کے بعد ان شاہراؤں کے بورڈ لگائیں گے۔
جوش ملیح آباد ی ایک نامور پاکستانی شاعر تھے اور اپنی غزل،نظم اور مرثیہ کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔ حکومت ِ پاکستان نے انہیں ھلال پاکستان سے نوازا تھا۔ جوش ملیح آبادی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سی ڈی اے بورڈ نے سروس روڈ (ویسٹ) سیکٹر D-12 کو جوش ملیح آباد ی کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کی ہے۔
جمیل الدین عالی ایک ممتاز شاعر،نقاد،ڈرامہ نویس،کالم نگار اور ممتاز سکالرتھے۔ حکومتِ پاکستان نے جمیل الدین عالی کو تمغہ حسنِ کارکردگی اورھلالِ امتیاز سے نوازا تھا۔جمیل الدین عالی کی خدمات کے اعتراف میں سی ڈی اے بورڈ نے سروس روڈ(ویسٹ)سیکٹر D-12 کو جمیل الدین عالی کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کی ہے۔
حفیظ جالندھری اردو زبان کے ایک ممتاز شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی ترانے کے خالق بھی تھے۔ حفیظ جالندھری نے تحریک پاکستان میں بھر پور حصہ لیا اور اپنی تحریروں سے تحریک پاکستان میں جان ڈالی۔ ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سی ڈی اے بورڈ نے سروس روڈ(ایسٹ)سیکٹر D-12 کو حفیظ جالندھری کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کی ہے۔
سی ڈی اے نے اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں کو قومی ہیروز اور ممتاز شخصیات سے منسوب کیا ہے تاکہ نئی نسل کو ان شخصیات کی اعلیٰ اور قابل ذکر خدمات سے روشناس کروایا جا سکے۔ اب تک اسلام آباد کی 100 سے زائد شاہراؤں کو مختلف نامور شخصیات کی ملی اور قومی خدمات کے اعتراف میں انکے نام سے منسوب کیا جا چکا ہے۔