سی ڈی اے نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو بارشوں کے بعد جمع پانی کی نکاسی کے کام کی نگرانی کا ٹاسک دے دیا

 
0
294

اسلام آباد جولائی 25 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو بارشوں کے بعد جمع پانی کی نکاسی کے کام کی نگرانی کا ٹاسک دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران اور بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص شاہراؤں پر جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنائیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق روڈز ڈائریکٹوریٹ نارتھ،روڈز ڈائریکٹوریٹ ساوتھ،مارکیٹ اینڈ روڈ مینٹینس ڈائریکٹوریٹ اور سی ڈی اے کے دیگر شعبے متعلقہ اداروں کے ہمراہ بدھ کی رات ہونے والی بارش کے باعث جمع شدہ پانی کے اخراج کے لیے مصروف عمل رہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ورکس نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشی پانی کی نکاسی کے لیے مختلف مقامات پر مطلوبہ سٹاف تعیناف کیا۔ سی ڈی اے کی ان ٹیموں نے 9thایونیو، آئی ایٹ انٹر چینج، فیض آباد انٹر چینج، منسٹر انکلیو اور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث جمع ہوئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا۔ سی ڈی اے کی ان ٹیموں نے مختلف گھروں اور دیگر عمارات سے پانی نکالنے کے لیے ایم سی آئی کے شعبوں کی معاونت بھی کی۔سی ڈی اے انتظامیہ نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایم سی آئی کے عملے کے ساتھ رابطہ کر کے جھاڑیوں بالخصوص مختلف شاہراؤں کے اطراف ڈرینج سسٹم میں اُگی ہوئی گھاس اور نباتات جو سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کا بڑا موجب ہیں انکے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ رابطہ کر کے مختلف نالوں کے اطراف پڑے سالڈ ویسٹ، تعمیراتی ملبے اور مٹی کو ہٹانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ نالوں میں پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ تمام مین ہولز کو باقاعدہ ڈھانپا جائے اور شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے موئثر اقدامات کریں۔