ڈاکٹر عمران فاروق کے والد فاروق احمد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے

 
0
266

کراچی جولائی 26 (ٹی این ایس): ایم کیو ایم کے سابق مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے والد فاروق احمد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ڈاکٹر عمران فاروق کے خاندانی ذرائع کے مطابق محمد فاروق دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کچھ دنوں سے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔خاندانی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد فاروق کا انتقال جمعہ کی صبح فجر کے وقت ہوا، جس کے بعد ان کی میت اسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئی۔
روق احمد کی نماز جنازہ کریم آباد میں مسجد صفا میں بعد نماز جمعہ کے بعد ادا کی گئی۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے والد کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان، رابطہ کمیٹی کے اراکین، میئر و ڈپٹی میئر کراچی اور کراچی کے تمام اضلاع کے چیئرمین شریک ہوئے۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و رابطہ کمیٹی، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال اور دیگر شخصیات نے فاروق احمد کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق مقتول مرکزی رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ نذر اور ان کے 2 بیٹے عالی شان اور وجدان لندن میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔شمائلہ بے گھری کے خطرے سے بھی دو چار ہیں، کیونکہ ان کے لندن میں واقع فلیٹ کے مالک نے انہیں فلیٹ خالی کرنے کے لیے نوٹس دے رکھے ہیں۔شمائلہ فاروق نہ صرف شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں بلکہ وہ کئی ماہ سے مکان تلاش کر رہی ہیں اور کوئی انہیں مکان کرائے پر دینے کو تیار نہیں ہے۔نومبر 2016 میں جبڑا ٹوٹ جانے کے بعد اسپتال میں داخل رہنے کے بعد سے وہ مکمل طورپر صحت یاب نہیں ہو سکی ہیں اور اب سہارے کے بغیر چل بھی نہیں سکتیں۔