وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے احاطے میں پام کا پودا لگا کر موسمی شجرکاری کا افتتاح کیا

 
0
381

لاہور جولائی 30 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پودا لگانے کے بعد شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر موافق موسمی تغیرات کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت ہماری نئی نسل کے دوست ہیں۔ بچوں کو درختوں اور پودوں سے پیار کی ترغیب دی جائے۔ رواں مون سون شجرکاری مہم کے دوران صوبہ بھر میں کروڑوں پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ کلین اینڈ گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ شہروں کو سرسبز و شاداب اور آب و ہوا کو سازگار بنانے کیلئے شجرکاری مہم پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے موسمی تغیرات کو شجرکاری کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے۔ مون سون کی حالیہ بارشیں شجرکاری کیلئے انتہائی موزوں ہیں، ان کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
صوبہ بھر میں ہر سرکاری و نجی محکمہ بڑھ چڑھ کر پودے لگائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سوشل فارسٹری کے فروغ کیلئے بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانو ں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں شریک کیا جائے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پودے لگانے پر طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مستقبل میں آبی قلت کے سنگین بحران کے سدباب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر شجرکاری ضرور ی ہے۔ محکمہ جنگلات گھروں میں شجرکاری کیلئے شہریوں کو پودے فراہم کرے گا۔ پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں شجرکاری کو لازم قرار دیا گیا ہے تاکہ تعمیرات کی وجہ سے ماحولیاتی حدت پر قابو پایا جاسکے۔ صوبائی وزیر کھیل و سیاحت تیمور خان بھٹی، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔