اتاترک ایونیو پر خیابانِ سہروردی سے لیکر نادرا چوک تک ایک ہفتے میں کام مکمل کیا جائے، چیئرمین سی ڈی اے کی انجینئرنگ ونگ کو ہدایت

 
0
345

اسلام آباد جولائی 30 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے نے منگل کے روز اتا ترک ایونیو کا دورہ کیا اور اس منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انجینئرنگ ونگ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اتاترک ایونیو پر خیابانِ سہروردی سے لیکر نادرا چوک تک ایک ہفتے میں کام مکمل کیا جائے تاکہ اسے ٹریفک کے لیے کھولا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ خیابان سہروردی سے نادرا چوک تک اس ایونیو کی سب بیس (Sub-base) کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ اس حصے پر بارشی پانی کی نکاسی کے لیے ڈرینج سسٹم کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ واٹر سپلائی کی لائنوں کی منتقلی کا کام آخری مراحل میں ہے جبکہ آئیسکو کی سروسز کی منتقلی اگلے چند دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔ انہیں بتایا گیا کہ فضل حق روڈ سے نادرا چوک تک سب بیس(Sub-base) پر کام تیزی سے جاری ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے انجینئرنگ ونگ کو فضل حق روڈ سے نادرا چوک تک کے تعمیراتی کام کو دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اتا ترک ایونیو کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس پر چلنے والی ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اتا ترک ایونیو کو د و رویہ کرنے کرنے کے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام سست روی کا شکار تھا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اس منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا بلکہ موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے اس منصوبے پر جاری کام میں تیزی لائے گی جس کے بعد اب یہ منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے۔