لہتراڑ روڈ پربرما پُل کی تعمیر کے سلسلے میں بوسیدہ پُل کومنہدم کرنے کا کام تیزی سے جاری

 
0
405

اسلام آباد اگست 03 (ٹی این ایس): لہتراڑ روڈ پربرما پُل کی تعمیر کے سلسلے میں بوسیدہ پُل کومنہدم کرنے کا کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ ملبے کو باقاعدہ سٹاک پر لیا جائے تاکہ بعد کے مرحلے میں قیمتی سامان کی نیلامی کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ممبر انجینئرنگ اور ڈی جی ورکس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملبے کا سروے کرنے کے بعد منہدم ہونے والے پُل کے سامان کی باقاعدہ فہرست تیار کریں۔ یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ ملبہ بشمول سٹیل کے سامان کو بے دریغ نہ چھوڑا جائے اور قیمتی سامان کومحفوظ رکھنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔ یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ منہدم ہونے والے پُل کے مفید سامان اور ملبے کے زمرے میں آنے والے سامان کی درجہ بندی کی جائے جس کا باقاعدہ سٹاک رجسٹر میں اندراج کیا جائے تاکہ قیمتی سامان کو محفوظ کر کے بعد ازاں نیلام کیا جائے جبکہ فالتو ملبے کو سائٹ سے ہٹایا جائے اور پُل کی تعمیر کا باقاعدہ کام شروع کیا جا سکے۔ مزید برآں یہ ہدایات بھی کی گئیں ہیں کہ مون سون کی بارشوں کے پیش ِ نظر پُل کو منہدم کرنے کے عمل میں اس بات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے کہ ملبے سے نالے کے پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ممبر انجینئرنگ اور ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی گئی ہے کہ پُل کو منہدم کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے تاکہ ایک عرصہ سے تعطل کا شکار برما پُل کی باقاعدہ تعمیر کو شروع کیا جا سکے۔