وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سگیاں انٹرچینج کے قریب چائنہ پارک میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

 
0
585

لاہور اگست 03 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سگیاں انٹرچینج کے قریب چائنہ پارک میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا وزیراعلیٰ کا سرکاری ملازمین کوصحت انصاف کارڈ دینے کا اعلان، انھوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔ پنجاب میں پانچ سال میں 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے جبکہ رواں برس 90 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔  چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا مرحلہ خیر خیریت سے گزر گیا، اراکین نے اپنی مرضی اور ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالے۔ اگر اپوزیشن خفیہ رائے شماری نہیں چاہتی تو رائے شماری اوپن کرا لے،پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کے ذمہ داروں کیخلاف قانو ن کے تحت کارروائی ہوگی،روٹی پرانے ریٹ پر ہی ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج سگیاں انٹرچینج کے قریب چائنہ پارک میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے پودا لگانے کے بعد شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا 10بلین ٹری سونامی پروگرام گیم چینجر ہوگا۔پنجاب میں پانچ سال میں 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے جبکہ رواں برس 90 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں فی ایکڑ 21درخت کی موجودہ شرح کو 2025ء تک 28درخت فی ایکڑ لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 5.1فیصد اور پنجاب میں 3.27فیصد ہے۔ صرف پودا لگانا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی نگہداشت کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا سوشل فاریسٹری پراجیکٹ کے تحت محکمہ جنگلات 3950ایکڑ رقبے پر شجرکاری کے لئے 70فیصد سبسڈی دے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئیں مل کر درخت لگائیں اور پاک سرزمین کو سرسبز و شاداب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور ہم اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کے سٹال کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو شجرکاری مہم کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات نے شجرکاری مہم کے تحت پودوں کو ٹریک کرنے کیلئے ایپ ڈویلپ کرلی ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور پریس کلب کے صحافیوں کے ہر مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے اور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ماضی کی حکومت نے لاہو رپریس کلب کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا مرحلہ خیر خیریت سے گزر گیا اور اراکین نے اپنی مرضی سے ووٹ ڈالے اوراپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیئے۔ اگر اپوزیشن خفیہ رائے شماری نہیں چاہتی تو رائے شماری اوپن کرا لے۔ ن لیگ میں فارورڈ بلاک کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب ہمارے ساتھ ہیں اور پنجاب میں صورتحال بہت بہتر ہے اور ہمیں اس طرح کے کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جتنی قانون سازی پنجاب میں ہوئی ہے، کسی اور صوبے میں نہیں ہوئی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے تبادلے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقرر اور تبادلے کرنا حکومت کا انتظامی اختیار ہے اور حکومت جب چاہے قواعد و ضوابط کے تحت تقرر اور تبادلے کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ روز میں نے فیصل آباد جا کر چنیوٹ اور فیصل آباد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے اور صحت انصاف کارڈ پروگرام کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ہدایت کی ہے کہ سرکاری ملازمین کو بھی صحت انصاف کارڈ کا کور ملنا چاہیئے اور ایسے سرکاری ملازمین جو اپنا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہیں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی اوراس سے سرکاری ملازمین کو ریلیف ملے گا۔ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانو ن کے تحت کارروائی ہوگی۔ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ روٹی کی قیمت نہیں بڑھے گی اورروٹی پرانے ریٹ پر ہی ملے گی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،پارلیمانی سیکرٹری جنگلات مخدوم رضا،اراکین صوبائی اسمبلی مسرت چیمہ،ندیم بارا،طلعت نقوی،ام النبین،سیکرٹری جنگلات،کمشنر لاہور ڈویژن،سیکرٹری اطلاعات،وائس چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی اوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔