سی ڈی اے نے سمارٹ ہائی وے پراجیکٹ کے سلسلے میں عوام الناس کی سہولت کے لیے کیپٹل روڈز انفارمیشن سسٹم(CRIS) کے نام سے ایک موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا

 
0
394

اسلام آباد اگست 10 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے سمارٹ ہائی وے پراجیکٹ کے سلسلے میں عوام الناس کی سہولت کے لیے کیپٹل روڈز انفارمیشن سسٹم(CRIS) کے نام سے ایک موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ موبائل ایپ رواں ماہ کے آخر تک لانچ کر دی جائے گی۔ اس موبائل ایپ سے متعلق چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موبائل ایپ کے مختلف فیچرز اور اسے رواں ماہ کے آخر تک لانچ کرنے کے سلسلے میں جائزہ لیا گیا۔

یہ موبائل ایپ اسلام آباد ہائی وے کے علاوہ کشمیر ہائی وے کے گرین ویو سمارٹ سگنلز کے ساتھ بھی منسلک کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اس موبائل ایپ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس، 1122 ایمبولینس سروس اور اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا جائزہ لیا جائے تاکہ اس ایپ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے نے دو ماہ قبل مختلف پراجیکٹس میں افسران کے لیے لگژری گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کر تے ہوئے اس مد سے حاصل ہونے والی رقم کو اسلام آباد کے روڈز سیفٹی کے منصوبوں اور آٹومیشن کے منصوبوں پر خرچ کرنے کی ہدایت کی تھی۔