ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی اشفاق احمد رانا نے مورخہ 10 اگست بسلسلہ انسپکشن ، اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار 58 اسیران کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم صادر فرمایا

 
0
421

اسلام آباد اگست 10 (ٹی این ایس): مورخہ 10 اگست 2019 کو جناب اشفاق احمد رانا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی بسلسلہ انسپکشن جیل ہذا پر تشریف لائے۔ معزز جج صاحب نے خواتین وارڈ، کچن اسیران، جیل ہسپتال ، بی کلاس اور تمام بیرکس کا دورہ کیا اور اسیران کے مسائل سنے۔ معزز جج ہسپتال میں داخل اسیران کو ملے اور انتظامیہ کی جانب سے مریضان کو مہیا کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معزز جج نے نو عمر وارڈ میں وویمن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام چلنے والی الیکٹریکل، ٹیلرنگ اور کمپیوٹر کلاسز کا معائنہ کیا۔
معزز جج نے جیل کے اندر اسیران کو دیا جانے والا کھانا چیک کیا اور کھانے کے معیار کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ جیل کے اندر مقید اسیران کو فلٹر شدہ پانی فراہم کرنے، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور اسیران کو دی جانے والی طبی و دیگر سہولیات پر جیل انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اشفاق احمد رانا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نو معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار 58 اسیران کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم صادر فرمایا۔ حسب الحکم فاضل جج 58 اسیران کو جیل ہذا سے رہا کر دیا گیا۔