اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور سی ڈی اے کی ٹیموں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت مختلف علاقوں میں صفائی کے علاوہ پارکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام شروع کر دیا

 
0
61773

اسلام آباد اگست 31 (ٹی این ایس): اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور سی ڈی اے کی ٹیموں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت مختلف علاقوں میں صفائی کے علاوہ پارکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز ایم سی آئی کے سینی ٹیشن سٹاف اور انوائرنمنٹ ونگ کے عملے کے ہمراہ مختلف پارکوں میں بڑھتی ہوئی گھاس اور خود رو پودوں اور جھاڑیوں کو تلف کرنے کے علاوہ صفائی بھی کی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ پورے اسلام آباد کو صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے تاکہ اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔

ہفتہ کے روز کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پبلک مقامات پر گندگی پھیلانے، سیوریج کی آمیزش اور کھلے پانی کے باعث سڑکوں اور گلیوں کو خراب کرنے والوں پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔ یہ جرمانے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنر ز نے کئے ہیں تاکہ لوگ گندگی پھیلانے سے باز رہیں۔ مہم کے دوران سیکٹر G-9 کے بس اسٹینڈ میں گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بس سٹینڈ کی انتظامیہ پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس طرح مرکز G-9 کے عوامی ٹریڈ سینٹر میں موجود تمام دکانوں کا دورہ کر کے شاپنگ بیگ کے استعمال کو بھی چیک کیا گیا تاہم گذشتہ ہفتے کی وارننگ کے بعد اس تجارتی مرکز میں شاپنگ بیگ کے استعمال کو ترک کر کے متبادل انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح سیکٹر آئی8- میں نان روٹی کی دکانوں کا دورہ کر کے کم وزن نان اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی پر نہ صرف دکانوں کو سر بمہر کر دیا گیا بلکہ 31 ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے ساتھ مل کر سیکٹر G-11،F-11 میں خود رو جھاڑیوں اور گھاس کی صفائی کی گئی جبکہ سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مرکزF-6 میں گندگی پھیلانے پر پانچ ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے ساتھ مل کر F-9 پارک کی صفائی کا کام بھی شروع کر دیا ہے جو کہ صفائی اور خود رو جھاڑیوں اور بڑھی ہوئی گھاس کو تلف کرنے تک جاری رہے گا۔